30/08/2026
پہلا جشنِ نصیرآباد فٹ بال ٹورنامنٹ 2026 کے شاندار مقابلے جاری
نصیرآباد ( میڈیا سیل بلوچستان اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ) پہلا جشنِ نصیرآباد فٹ بال ٹورنامنٹ 2026 کے شاندار اور پُرجوش مقابلے جاری ہیں ۔ ٹورنامنٹ کے ایک اہم میچ میں کالج ہیروز فٹ بال کلب اور شہید رحیم فٹ بال کلب کے درمیان دلچسپ مقابلہ کھیلا گیا، جس میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے بہترین کھیل اور بھرپور جذبے کا مظاہرہ کیا۔تاہم شہید رحیم کلب نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوۓ اپنی مخالف ٹیم پر دو گول کی واضح سبقت لے کر جیت اپنے نام کی۔
میچ کے مہمانِ خصوصی ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نصیرآباد، جلیل احمد مستوئی تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور شاندار کھیل پیش کرنے پر دونوں ٹیموں کو سراہا۔ انہوں نے مقابلے کے اختتام پر جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر جلیل احمد مستوئی نے کہا کہ نصیراباد میں کھیلوں کے فروغ، اور سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل اور سہولیات بروئے کار لائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا محکمہ کھیل کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نصیرآباد کے نوجوانوں میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور ایسے ٹورنامنٹس کے انعقاد سے مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین موقع ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا اور امید ہے کہ اسی طرح کے مقابلوں کے ذریعے نصیرآباد سے مستقبل میں بڑے اور باصلاحیت کھلاڑی ابھر کر قومی اور صوبائی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے۔
ٹورنامنٹ کے اس اہم میچ کے موقع پر کھلاڑیوں، کھیلوں سے وابستہ شخصیات اور شائقینِ فٹ بال کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ مقابلے کو دیکھا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔