02/10/2026
کوئٹہ: بلوچستان اسٹوڈنٹس اولمپکس طلباء کے روشن مستقبل کے لیے سرگرم
کوئٹہ, (اربازخان ) بلوچستان اسٹوڈنٹس اولمپکس نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ صوبے میں طلباء کے کھیلوں کے فروغ کے لیے سب سے فعال اور مخلص ادارہ ہے۔
اسٹوڈنٹس اولمپکس کی صدر مس اختر کی قیادت میں یہ تنظیم نہ صرف یونیورسٹیوں، کالجوں اور اسکولز کے طلباء کو ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے بلکہ ان کے اندر چھپی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارنے میں بھی کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ ایونٹ میں گورنمنٹ کالج آف فزیکل ایجوکیشن کے پروفیسر جاوید اقبال صاحب اور دیگر نے شرکت کرکے طلباء و طالبات کا حصلہ بلند کیا۔
بلوچستان جیسے صوبے میں جہاں کھیلوں کے مواقع کم ہیں، وہاں بلوچستان اسٹوڈنٹس اولمپکس کا یہ اقدام قابل ستائش ہے۔ یہ تنظیم باقاعدگی سے انٹر یونیورسٹی اور انٹر کالجیٹ مقابلوں کا انعقاد کر کے نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کر رہی ہے۔
حالیہ مقابلوں میں بھی اس کی بہترین تنظیم کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا، جس میں صوبے بھر سے طلباء نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
انٹر یونیورسٹی گلز بیڈمنٹن چیمپئن میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے بلوچستان یونیورسٹی نے چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا، جبکہ ایس بی کے ویمن یونیورسٹی نے رنر اپ کی ٹرافی حاصل کی۔جبکہ بوائز کالجز بیڈ منٹن چمپئن شپ میں کانٹے دار مقابلوں کے بعد لا کالج فاتح قرار پایا اور تعمیر نو کالج رنر اپ رہا۔
یقیناً بلوچستان اسٹوڈنٹس اولمپکس کا یہ کام آنے والے وقت میں بلوچستان سے قومی اور بین الاقوامی سطح کے کھلاڑی پیدا کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔