06/09/2026
حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی بار بار منقطع ہونے کا معاملہ، اصل وجہ سامنے آگئی
پشاور (سپورٹس رپورٹر): حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی بار بار منقطع ہونے کے معاملے پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (PESCO) کے درمیان ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق مسئلہ سامنے آیا ہے۔ دستیاب سرکاری مراسلات کے مطابق بجلی کی عدم ادائیگی یا جان بوجھ کر تاخیر کے بجائے معاملہ PESCO اور اکاؤنٹنٹ جنرل (AG) آفس کے درمیان ادائیگی کے طریقہ کار کے انتظامی و دفتری مسئلے سے متعلق ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کی جانب سے 24 اگست 2026 کو چیف ایگزیکٹو آفیسر PESCO پشاور کو ارسال کردہ خط میں حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی بار بار منقطع کیے جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ خط میں واضح کیا گیا ہے کہ بجلی کی سپلائی منقطع ہونے کی وجہ PESCO اور AG آفس کے درمیان بجلی کے واجبات کی ادائیگی/چیک جمع کرانے کے طریقہ کار سے متعلق معاملہ ہے، جس کا حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کے آخری صارف سے براہِ راست تعلق نہیں۔
سرکاری خط کے مطابق ڈائریکٹوریٹ اپنی جانب سے مطلوبہ ادائیگیاں باقاعدگی سے کر رہا ہے اور حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی طرف سے جان بوجھ کر کسی قسم کی تاخیر یا ڈیفالٹ نہیں کیا جا رہا۔ مراسلے میں PESCO سے درخواست کی گئی ہے کہ دفتری و انتظامی معاملہ حل ہونے تک اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی بحال رکھی جائے اور اسی وجہ سے دوبارہ کنکشن منقطع نہ کیا جائے۔
بجلی کی بندش سے کھیلوں کی سرگرمیاں متاثر
ڈائریکٹوریٹ نے اپنے مراسلے میں نشاندہی کی کہ بجلی کی بار بار اور غیر ضروری بندش کے باعث اسپورٹس کمپلیکس میں جاری کھیلوں کی سرگرمیوں، تربیتی سیشنز، کھلاڑیوں، عملے اور مجموعی انتظامی امور کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کی مسلسل فراہمی کھیلوں کی سرگرمیوں اور ضروری سہولیات و آلات کے مؤثر استعمال کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔
PESCO نے بھی ادائیگی کے طریقہ کار کا مسئلہ تسلیم کرلیا
دوسری جانب PESCO کے چیف کمرشل آفیسر کی جانب سے 21 اگست 2026 کو جاری کیے گئے مراسلے میں بھی AG آفس کے ذریعے چیکس کی پروسیسنگ سے متعلق مسئلے کی وضاحت کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق AG آفس میں نئے طریقہ کار کے تحت چیکس کی پروسیسنگ نہ ہونے کا معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ زیرِ بحث آیا، جبکہ AG آفس کی جانب سے واضح کیا گیا کہ نئے طریقہ کار کے لیے Vendor Number/IBAN کو SAP سسٹم میں اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہے۔
PESCO کے مراسلے میں یہ بھی درج ہے کہ چونکہ نئے طریقہ کار پر عمل درآمد کے لیے مطلوبہ SOP/طریقہ کار PESCO کو فراہم نہیں کیا گیا تھا، اس لیے AG آفس سے درخواست کی گئی کہ اگست 2026 کے چیکس کو سابقہ طریقہ کار کے مطابق دستی طور پر پروسیس کیا جائے۔
PESCO نے اپنے متعلقہ ریونیو افسران کو بھی ہدایت کی کہ چیکس کے ذریعے ادائیگیاں کرنے والے سرکاری محکموں کو اس پیش رفت سے آگاہ کیا جائے اور پرانے طریقہ کار کے مطابق چیکس کی پروسیسنگ کے لیے AG آفس سے ضروری فالو اَپ کیا جائے۔
سرکاری ٹیرف کوڈ لاگو کرنے کی بھی درخواست
دستاویزات کے مطابق حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کے ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے 12 اگست 2026 کو متعلقہ بجلی حکام کو ایک الگ مراسلہ بھی ارسال کیا گیا تھا، جس میں کمپلیکس کے بجلی کنکشن پر Government Tariff Code لاگو کرنے کی درخواست کی گئی۔
مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس سرکاری ملکیت ہے اور سرکاری کیٹیگری میں آتا ہے، تاہم بجلی کے بل اس وقت قابلِ اطلاق سرکاری ٹیرف کوڈ کے تحت جاری نہیں ہو رہے۔ اس لیے متعلقہ حکام سے بلنگ اسٹیٹس کو اپ ڈیٹ کرکے سرکاری ٹیرف کوڈ لاگو کرنے کی درخواست کی گئی۔
معاملہ انتظامی، ادائیگی اور ٹیرف سے متعلق
دستیاب مراسلات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی کے معاملے میں بیک وقت ادائیگی کے طریقہ کار، AG آفس میں چیکس کی پروسیسنگ اور سرکاری ٹیرف کے اطلاق جیسے امور زیرِ بحث رہے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس نے PESCO سے مطالبہ کیا ہے کہ باہمی دفتری معاملے کے حل تک اسپورٹس کمپلیکس کی بجلی منقطع نہ کی جائے تاکہ کھلاڑیوں کی تربیت اور کھیلوں کی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رہ سکیں۔
اہم بات یہ ہے کہ دستیاب سرکاری مراسلات میں ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ادائیگی میں دانستہ غفلت یا ڈیفالٹ کی تردید کی گئی ہے، جبکہ PESCO کے خط میں بھی چیکس کی پروسیسنگ کے طریقہ کار سے متعلق انتظامی مسئلے کا ذکر موجود ہے