05/06/2025
یوم عرفہ کس دن ہوگا؟
ارشاد باری تعالیٰ ہے
یَسۡـَٔلُوۡنَکَ عَنِ الۡاَھِلَّةِ ؕ قُلۡ ہِیَ مَوَاقِیۡتُ لِلنَّاسِ وَ الۡحَجِّ
(سورۃ البقرۃ، آیت 189)
(اے حبیب!) لوگ آپ سے نئے چاندوں کے بارے میں دریافت کرتے ہیں، فرما دیں: یہ لوگوں کے لئے اور ماہِ حج (کے تعیّن) کے لئے وقت کی علامتیں ہیں
فقہی طور یہ بات مسلمہ ہے کہ عیدین، روزے اور تمام ایسی عبادات جن کا تعلق قمری تاریخ سے ہے، ان میں ہر علاقے کے لوگوں کے لیے ان کے اپنے علاقے میں چاند دیکھنا معتبر ہوگا، ہر ملک اپنے افق کے مطابق عمل کرے گا۔
لہٰذا وہ بندہ جو حج پر نہیں، وہ جہاں کہیں بھی ہو، اُس کے لیے یومِ عرفہ وہی ہے جب اُس کی زمین پر نو ذی الحج ہو۔ اُس دن کا روزہ، دعائیں، سجدے، استغفار سب اس کے لیے مقرر ہیں کہ شریعت نے اُسے چاند کے ساتھ جوڑ رکھا ہے۔
عرفہ کی اصل عبادت "وقوفِ عرفہ" ہے، جو میدانِ عرفات میں نو ذی الحج کے دن، مخصوص وقت میں ہوتی ہے، اور یہ عبادت حجاج کرام کے ساتھ خاص ہے اس لیے حجاج کرام کے لیے وہ دن وہی ہے جو سعودی عرب میں نو ذی الحج ہو، کیونکہ عبادات وہاں ادا کی جا رہی ہے۔
لیکن اس سے یہ تاثر لینا کہ یہ ایک یونیورسل ایونٹ ہے لہذا پوری دنیا حجاز مقدس کے ساتھ ہی نو ذی الحجہ منائے، کسی بھی طور مناسب نہیں اور نا ہی اس خیال کی بنیاد کسی شرعی ضابطے یا اصول پر ہے.
اس سال 1446 ہجری میں سعودی عرب میں یومِ عرفہ جمعرات 5 جون کو ہے، جبکہ پاکستان میں جمعۃ المبارک 6 جون کو نو ذی الحج ہے۔
اللہ تعالیٰ ان بابرکت ایام کی برکتوں سے ہم سب کو مالامال فرمائے. آمین