14/12/2022
بہاولپور - نوابوں کا شہر ( دوسری قسط)
پہلا دن بھرپور گزارنے کے بعد رات کے کھانے میں بہاولپور کے مشہور کباب کھاۓ اور ریسٹ ہاؤس واپس آگئے ۔ ( کھانوں کی تفصیل انشاءاللہ الگ پوسٹ میں)
اگلی صبح فجر کی نماز کے بعد تیاری شروع کی بائیکس کو چیک کیا اور ناشتہ کرنے نکل پڑے۔ بیکانری فوڈ سٹریٹ میں شاندار ناشتہ ہمارا منتظر تھا۔ ایکسائٹمنٹ ہماری عروج پر تھی کیونکہ بہت عرصے سے جس مقام کو دیکھنے کی خواہش تھی وہ آج پوری ہونے جارہی تھی ۔ قلعہ دراوڑ ❣️
قلعہ دراوڑ بہاولپور سے تقریباً سو کلومیٹر کے فاصلے پر تحصیل احمد پور شرقیہ میں واقع ہے ۔ بہاولپور سے احمد پور شرقیہ جائیں تو ڈیرہ نواب صاحب سے بائیں طرف اترنے والی سنگل روڈ قلعہ دراوڑ کی طرف لے جاتی ہے ۔
احمد پور شرقیہ سے تقریباً 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قلعہ دراوڑ کے چالیس گڑھ کئی میل تک نظر آتے ہیں۔
دراوڑ قلعہ سب سے پہلے 9ویں صدی عیسوی میں بھٹی قبیلے کے ایک ہندو راجپوت حکمران رائے ججا بھٹی نے تعمیر کیا تھا، یہ قلعہ شروع میں ڈیرہ راول کے نام سے جانا جاتا تھا جو وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کا موجودہ نام دراوڑ کہلانے لگا۔
پرانے قلعوں ، کھنڈرات اور تاریخی عمارتوں کا ویسے ہی مجھ پر جادوئی اثر ہے اور قلعہ دراوڑ کی اس فہرست میں بہت اونچی جگہ ہے۔
قلعہ دراوڑ اور اسکے ساتھ ملحقہ عباسی مسجد کو دیکھتے ہی آپ ماضی میں جینے لگتے ہیں۔ ایسی جگہیں جو صدیوں کی گواہ ہوتی ہیں وہاں پہنچ کر کیا احساسات ہوتے ہیں یہ صرف وہاں جا کر ہی محسوس کیا جا سکتا ہے ۔
اس قدر مضبوط بناۓ گۓ قلعہ کی شکستہ حالت کو دیکھ کر احساس ہوا کہ باقی رہنے والی ذات صرف میرے اللہ کی ہے 🙏