26/04/2024
بس ہو چکا حضور یہ پردے ہٹائیے
سب منتظر ہیں سامنے تشریف لائیے
آواز میں تو آپ کی بے شک خلوص ہے
لیکن ذرا نقاب تو رخ سے ہٹائیے
ہم مانتے ہیں آپ بڑے غم گسار ہیں
لیکن یہ آستین میں کیا ہے دکھائیے
اب قافلے کے لوگ بھی منزل شناس ہیں
آخر کہاں کا قصد ہے کھل کر بتائیے
بادہ کشوں کی اصل جگہ میکدے میں ہے
کس نے کہا کہ آپ بھی منبر پہ آئیے
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اقبال عظیم (اردو ورثہ)