03/04/2026
حاجی اختر علی برنالہ منی سٹیڈیم کی تباہی کس کے سر پر۔۔۔۔۔۔۔
حکومتِ وقت اور متعلقہ محکموں کی سنگین غفلت اور نااہلی ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گئی ہے۔
گورنمنٹ توقیر شہید گرلز ہائی سکول میں انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینک کی تعمیر کے نام پر اسلامیہ ہائی سکول کی پچھلی گراؤنڈ کو بے دردی سے تباہ کر دیا گیا۔ ایک ایسے منصوبے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے، جو اپنی جگہ یقیناً اہم ہے، ایک مکمل اور پہلے سے موجود قیمتی اثاثے کو برباد کرنا کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
اسلامیہ سکول کے اختر برنالہ منی سٹیڈیم، جو مرحوم اختر برنالہ کی ذاتی محنت، لگن اور سماجی اور مخیر شخصیات کے عطیہ کردہ مالی وسائل کا نتیجہ تھا، کو صفحۂ ہستی سے مٹانے کی کوشش کی گئی۔ وہ درخت جو برسوں کی دیکھ بھال سے جوان ہوئے، اور وہ ایکسرسائز مشینیں جو طلبہ و عوام کے استعمال کے لیے نصب کی گئی تھیں، سب کو بے رحمی سے اکھاڑ دیا گیا۔ یہ صرف املاک کا نقصان نہیں بلکہ ایک انسان کی محنت، جذبے اور یادگار کی توہین ہے۔
انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ سارا کام ایک غیر ضروری راستہ اختیار کرتے ہوئے کیا گیا، جبکہ توقیر شہید سکول خود مرکزی سڑک (سردارپورہ روڈ) پر واقع ہے اور وہاں تک مشینری اور میٹریل کی رسائی میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ اس کے باوجود اسلامیہ سکول کی حدود کو نشانہ بنانا بدانتظامی نہیں بلکہ کھلی زیادتی ہے۔
مزید حیران کن بات یہ ہے کہ محکمہ تعلیم اور متعلقہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے انتہائی عجلت اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر حقائق کا جائزہ لیے این او سی جاری کر دیا۔ یکم اپریل کو موصول ہونے والی درخواست پر دو اپریل کو سی ای او ایجوکیشن کا منظوری دینا اس بات کا ثبوت ہے کہ نہ تو زمینی حقائق دیکھے گئے اور نہ ہی متاثرہ ادارے سے کوئی مشاورت کی گئی۔
سکول کونسل کے اراکین حاجی ارشد محمود النور، راجہ محمد افضل، ایوب منہاس اور دیگر نے موقع پر پہنچ کر بروقت کام رکوا دیا۔
عوامی حلقوں نے بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک بہترین منصوبے کو ایک اور بنے بنائے عوامی اثاثے کو تباہ کر کے مکمل کرنا کسی صورت دانشمندی نہیں بلکہ نااہلی کی واضح مثال ہے۔
سکول کونسل نے متفقہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ:
اسلامیہ سکول کو ہونے والے تمام نقصان کا فوری اور مکمل ازالہ کیا جائے
ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے
واٹر ٹینک کی تعمیر کے لیے متبادل اور مناسب راستہ، یعنی سردارپورہ روڈ، استعمال کیا جائے
آئندہ ایسے فیصلوں میں مقامی اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے
اگر ترقی کے نام پر تباہی کی یہی روش جاری رہی تو عوام کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ ایسے فیصلے نہ صرف ناقابلِ فہم ہیں بلکہ ناقابلِ برداشت بھی۔
@عرفان احمد صفی
Commissioner Gujranwala, Division, Gujranwala
Deputy Commissioner Gujrat
#لالاموسی