31/07/2026
کوئٹہ
*سابق صوبائی وزیر و پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما میر نصیب اللہ خان مری نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے ریاستی پالیسیوں کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا*
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر نصیب اللہ خان مری نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے بلوچستان کی موجودہ صورتحال، عوام سے براہِ راست رابطے اور زمینی حقائق کو سمجھنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام ریاستِ پاکستان کے لیے نہایت مثبت، بروقت اور مؤثر ثابت ہو سکتا ہے۔
میر نصیب اللہ خان مری نے کہا کہ ریاست کو چاہیے کہ چند مخصوص سرداروں تک محدود رہنے کے بجائے بلوچستان کے ہر طبقے، ہر علاقے اور ہر شہری سے براہِ راست رابطہ قائم کرے، عوام کو ترقی و خوشحالی کے یکساں مواقع فراہم کرے، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کرے۔ اس سے نہ صرف عوام کا ریاست پر اعتماد مزید مستحکم ہوگا بلکہ مسائل کی حقیقی وجوہات تک پہنچ کر دیرپا اور مؤثر حل بھی ممکن ہو سکے گا۔
میر نصیب اللہ خان مری نے کہا کہ بلوچستان کے عوام ایک طویل عرصے سے سرداری کلچر کا بوجھ ، سیاسی، معاشی اور سماجی مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ عام آدمی کی آواز کو مرکزی حیثیت دی جائے اور عوامی امنگوں، آئینی تقاضوں اور قومی مفاد کے مطابق پالیسی سازی کی جائے۔
میر نصیب اللہ خان مری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں موجودہ صوبائی حکومت امن، ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
میر نصیب اللہ خان مری نے مزید کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا پائیدار حل روایتی اور فرسودہ طرزِ عمل میں نہیں بلکہ عوام کے ساتھ مسلسل مکالمے، آئین و قانون کی بالادستی، انصاف کی بلاامتیاز فراہمی، مساوی ترقی اور عوامی حقوق کے مؤثر تحفظ میں مضمر ہے۔
میر نصیب اللہ خان مری نے امید ظاہر کی کہ عوام سے براہِ راست رابطے کا یہ اقدام بلوچستان کے مسائل کے دیرپا، مثبت اور قابلِ عمل حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔
میر نصیب اللہ خان مری نے کہا کہ بلوچستان کے محبِ وطن عوام کا دل ہمیشہ پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ عوام امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں، اور ریاست کے ساتھ باہمی اعتماد، احترام اور مسلسل رابطے کے ذریعے بلوچستان کو مزید مضبوط، پرامن اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے۔