11/08/2026
کراچی کی حالت دیکھ کر شرمندگی ہوتی ہے: شاہد آفریدی
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کراچی کی موجودہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی حالت دیکھ کر انہیں بہت شرمندگی ہوتی ہے۔
ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کراچی چھوڑ کر اسلام آباد منتقل ہونے کو ایک مشکل فیصلہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی بہت اچھے لوگوں کا شہر ہے اور انہوں نے وہاں بہت اچھا وقت گزارا، تاہم اسلام آباد انفراسٹرکچر اور موسم کے لحاظ سے بہتر ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ "میں کراچی کو یاد نہیں کرتا، لیکن کراچی کے لوگ بہت یاد آتے ہیں۔"
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کا کاروبار کرنے اور لوگوں کو روزگار دینے والے شہر کی موجودہ حالت مایوس کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی کراچی کو "پیرس" یا کچھ اور کہتا ہے تو یہ سن کر ہنسی آتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہِ بھٹو اچھی بنائی گئی ہے، لیکن کراچی کی بہتری کے لیے مزید کئی کام کرنے کی ضرورت ہے۔
سیاست میں آنے کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ ایک وقت میں ان کا ارادہ تھا، لیکن 2019 میں انہوں نے اپنا فیصلہ بدل لیا اور اب سیاست کرنا ان کا کام نہیں۔