30/05/2026
شوٹنگ والی بال کا عروج و زوال
⭐⭐⭐⭐⭐
شوٹنگ والی بال کے سنہری دور میں ملک اقبال ظفر عرف بالا پپلاں والا اور مقبول خان آف ذمے والا کا زمانہ انتہائی شاندار سمجھا جاتا تھا۔ اس دور میں شوٹنگ والی بال اپنے مکمل عروج پر تھی اور شائقین اس کھیل سے بے حد محبت کرتے تھے۔
اس وقت کے معروف کھلاڑیوں میں حاجی عنایت اللہ خان، خان حبیب اللہ خان، ایڈووکیٹ رانا عبدالغفار آف جنڈانوالہ، ملک جعفر راہداری ضلع خوشاب، حاجی عصمت اللہ خان، ظفراللہ خان اور سید سخاوت حسین ضلع میانوالی شامل تھے۔ ان عظیم کھلاڑیوں نے اپنی بہترین کارکردگی سے شوٹنگ والی بال کو نئی پہچان دی۔
وقت گزرتا گیا اور شوٹنگ والی بال میں نئے نئے نام سامنے آتے رہے، لیکن جب محمد ریاض کلیار اور فوجی محمد یونس کی ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں تو شوٹنگ والی بال اپنے عروج کی انتہا پر پہنچ گئی۔ ان دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے میچ آج بھی شائقین کے دلوں میں زندہ ہیں۔ محمد ریاض کلیار نے اپنی شاندار کھیل کے ذریعے شہرت کی بلندیاں حاصل کیں اور والی بال کی دنیا میں ایک منفرد مقام بنایا۔
تاہم محمد ریاض کلیار کی ریٹائرمنٹ کے بعد شوٹنگ والی بال آہستہ آہستہ زوال کی طرف جانے لگی۔ کچھ سینئر کھلاڑیوں نے میچ فکسنگ اور ذاتی مفادات کو فروغ دینا شروع کردیا جس کی وجہ سے شائقین کی دلچسپی کم ہونے لگی۔
لیکن اللہ رب العزت عروج و زوال کا مالک ہے۔ آج ایک بار پھر شوٹنگ والی بال کا عروج شروع ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ خوشاب کی دھرتی سے ایک نوجوان کھلاڑی چوہدری عبدالباسط فخرِ خوشاب کی صورت میں اُبھرا ہے جو شوٹنگ والی بال کے افق پر چاند کی طرح چمک رہا ہے۔
چوہدری عبدالباسط کا سب سے پہلا مقصد یہی ہے کہ شوٹنگ والی بال کو دوبارہ اپنے عروج پر لے جایا جائے۔ اگرچہ وہ ابھی زیرِ تعلیم ہیں، لیکن جتنے بھی میچ انہوں نے کھیلے، ہر میچ کو اپنی عزت اور وقار سمجھ کر پوری جانفشانی سے کھیلا۔ اللہ کے فضل و کرم سے انہوں نے تقریباً 98 فیصد میچز میں کامیابی حاصل کی جو ایک شاندار ریکارڈ ہے۔
چوہدری عبدالباسط کا عوام سے وعدہ ہے کہ وہ ہر میچ پوری ایمانداری، محنت اور جذبے کے ساتھ کھیلیں گے۔ ان کی گیم پر نہ انتظامات اثر انداز ہوتے ہیں، نہ گراؤنڈ میں عوام کی کم تعداد، اور نہ ہی کوئی طاقت ان شاء اللہ ان کا ضمیر خرید سکتی ہے۔
ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، لیکن چوہدری عبدالباسط اور ان کی ٹیم ہمیشہ عوام کے سامنے جوابدہ رہے گی اور عوام کی خوشی کو اپنی اولین ترجیح سمجھے گی۔